بنگلور:27/اکتوبر(ایس او نیوز)ریاستی وزیر برائے مچھلی پالن ونوجوانان امور پرمود مادھوا راج نے بتایاکہ سرکاری اسکیموں کو عوام تک پہنچانے کیلئے افسران کو دیانتداری کے ساتھ اقدام کرنا ہوگا۔ محکمہئ اطلاعات ورابطہئ عامہ کے اشتراک سے منعقد ہ جنا منا پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ سرکاری اسکیموں سے استفادہ کیلئے سرکاری دفاتر پہنچنے والے عوام کا احترام کرنے سے ہی رام راجیہ کا قیام ممکن ہے۔ جمہوریت میں عوام ہی بادشاہ گر ہوتے ہیں مگر منتخب نمائندے اور افسران یہ بات بھول گئے ہیں اور عوام بھی صرف انتخاب کے دن ہی اپنے آپ کو بادشاہ گر تصور کرنے لگے ہیں۔جس سے ایسا ماحول پیدا ہوگیا ہے کہ منتخب نمائندے پانچ سال میں ایک مرتبہ ہی عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ مگر محکمہئ اطلاعات کے ذریعہ منعقد ہونے والے جنا منا پروگرام کے ذریعہ عوام تک سرکاری اسکیموں کو پہنچانے میں تعاون مل رہا ہے۔ ان کے مطابق ان کی وزارت میں آنے والے افسران عوامی مسائل کی یکسوئی کیلئے اقدامات کررہے ہیں اور منتخب نمائندے وافسران دو پہیوں کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جس کے ذریعہ سرکاری اسکیموں میں شفافیت لاتے ہوئے مستحقین تک اس کا فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تین گھنٹوں تک چلنے والے پروگرام کے دوران وزیر موصوف نے عوامی مسائل کا جائزہ لیا اور کئی مسائل فوری طور پر حل کئے۔ اس موقع پر محکمہئ اطلاعات ورابطہئ عامہ کے پرنسپل سکریٹری ایم لکشمی نارائن نے بتایاکہ حکومت کے ذریعہ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کئی اہم منصوبے جاری کئے جارہے ہیں۔انہیں مستحقین تک پہنچانا ضروری ہے۔محکمہئ اطلاعات ورابطہئ عامہ کے ڈائرکٹر این آر وشوکمار نے استقبال کیا، اس موقع پر محکمہئ کھیل کود کے اڈیشنل چیف سکریٹری رجنیش گوئل، محکمہئ مچھلی پالن کے پرنسپل سکریٹری اوما شنکر، ڈائرکٹر ویرپا گوڈا، محکمہئ نوجوانان امور کے ڈائرکٹر انوپم اگروال کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ محکمہئ اطلاعات ورابطہئ عامہ کے ڈپٹی ڈائرکٹر اے آر پرکاش نے نظامت کی۔ پروگرام سے قبل محکمہئ اطلاعات کی جانب سے محکمہ ئ مچھلی پالن ونوجوانان امور سے متعلق تیاردستاویزی فلم کی نمائش کا اہتمام کیاگیا۔